روزگار کی تلاش میں بیرونِ ملک جانے کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام

روزگار کی تلاش میں بیرونِ ملک جانے کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام
کیپشن: روزگار کی تلاش میں بیرونِ ملک جانے کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ‘پرواز کارڈ’ اسکیم کے تحت نوجوانوں کو 3 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی واپسی آسان اقساط میں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ‘پرواز کارڈ’ اسکیم کے تحت بیرونِ ملک جانے والے کامیاب امیدواروں سے روانگی سے قبل خصوصی ملاقات کی، جس میں انہوں نے نوجوانوں کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو ‘پرواز کارڈ’ اور ‘اسکل سٹی’ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ اسکیم کے تحت 135 نوجوانوں پر مشتمل پہلا گروپ 28 جون کو بیرونِ ملک روانہ ہوگا، جبکہ ان کی روانگی اور تمام ابتدائی اخراجات حکومتِ پنجاب برداشت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں عالمی ورک فورس کا حصہ بنانا ہے، تاکہ وہ نہ صرف بہتر آمدنی حاصل کر سکیں بلکہ نئے پیشہ ورانہ تجربات بھی حاصل کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ بیرونِ ملک جا کر ترقی یافتہ ممالک کے نظام، نظم و ضبط اور مہارتوں کا مشاہدہ کریں اور اس تجربے کو اپنے ملک کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کے بغیر عالمی مارکیٹ میں مؤثر مقام حاصل کرنا ممکن نہیں، اسی مقصد کے لیے پنجاب حکومت صوبے کے 5 لاکھ نوجوانوں کو جدید عالمی تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں جنوبی پنجاب سمیت مختلف اضلاع میں جدید اسکل ٹریننگ لیبز قائم کی گئی ہیں، جہاں بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ‘پرواز کارڈ’ کے تحت نوجوانوں کو 3 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرض بھی فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی ادائیگی کے آغاز میں تین ماہ کی رعایت دی جائے گی، اس کے بعد اسے آسان اقساط میں واپس کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک جانے والے نوجوان نہ صرف بہتر روزگار حاصل کریں گے بلکہ ملک کے لیے زرمبادلہ میں اضافے کا بھی ذریعہ بنیں گے، جبکہ انہیں عالمی معیار کے مطابق کام اور تنخواہوں کے بہتر مواقع بھی میسر آئیں گے۔




Watch Live Public News