ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور جاری سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ اس موقع پر امیر قطر نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو کامیاب سفارتی اقدامات پر مبارکباد پیش کی اور ان کی قیادت کی تعریف کی۔
شیخ تمیم بن حمد الثانی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قطر امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امن کے فروغ کے لیے قطر کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سفارتی کامیابیاں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی انتھک کاوشوں اور قطر سمیت دوست و برادر ممالک کے تعاون کی بدولت ممکن ہوئیں۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مثبت پیش رفت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل کو کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا نقصان سے محفوظ رکھا جانا چاہیے تاکہ دیرپا اور مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
گفتگو کے دوران امیر قطر نے برزان گیس تنصیب میں پیش آنے والے حادثے میں پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمدردی اور تعزیت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورۂ دوحہ کا ذکر کرتے ہوئے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے شیخ تمیم بن حمد الثانی نے خوشدلی سے قبول کر لیا۔ امیر قطر نے رواں سال کے اختتام سے قبل پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور آئندہ بھی قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔