ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمات سماعت کیلئے مقرر کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی 9 مئی 2023 کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمات میں دائر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی ہے۔ جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ 27 مئی 2025 کو ان درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، تھانہ شادمان اور دیگر مقامات پر جلاؤ گھیراؤ سے متعلق 12 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔ ان میں سے 8 مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پہلے ہی ان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں، جس کے خلاف انہوں نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے ۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن میں جناح ہاؤس اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان واقعات کے بعد عمران خان اور ان کی جماعت کے دیگر رہنماؤں کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے تھے۔