ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت اہم اجلاس میں ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈی پورٹ ہونے افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا، ڈی پورٹ ہونے والوں کے پاسپورٹ منسوخ کئے جائیں گے، ڈی پورٹ ہونے والے افراد کو 5 سال کیلئے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ پر بھی ڈالا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر پاسپورٹ کے قوانین کو مزید سخت اور بہتر بنانے کیلئے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی۔
محسن نقوی نے کہاکہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر شرمندگی کا باعث بنتے ہیں۔ اب ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اہم اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ نے شرکت کی اور تجاویز و سفارشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔