پاکستان خطے میں ترقی اور معاشی استحکام کے سفر میں جلد چین کا مضبوط شراکت دار بنے گا، وزیراعظم

 پاکستان خطے میں ترقی اور معاشی استحکام کے سفر میں جلد چین کا مضبوط شراکت دار بنے گا، وزیراعظم
کیپشن: پاکستان خطے میں ترقی اور معاشی استحکام کے سفر میں جلد چین کا مضبوط شراکت دار بنے گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ترقی اور معاشی استحکام کے سفر میں جلد چین کا مضبوط شراکت دار بنے گا۔

چین کے شہر ہانگ ژو میں پاک چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں کے بجائے مہارت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چین کے ساتھ ہونے والے 30 فیصد مفاہمتی معاہدے (ایم او یوز) اب عملی منصوبوں میں تبدیل ہو چکے ہیں، جن کی مالیت اربوں ڈالر ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے اہم شعبوں میں زراعت، آئی ٹی، اسپیشل اکنامک زونز اور معدنیات شامل ہیں۔

وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی میں 6 ہزار ایکڑ پر عالمی معیار کا اسپیشل اکنامک زون قائم کیا جا رہا ہے، جہاں ون ونڈو آپریشن اور سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولیات دی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نوجوانوں کو آئی ٹی ٹریننگ اور عالمی معیار کی سرٹیفکیشن فراہم کر رہا ہے، جبکہ زرعی شعبے میں جدید بیج، مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداوار بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News