لاہور: (ویب ڈیسک) ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 25 نومبر بروز جمعرات صبح 6 بجے سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھے جائیں گے۔ یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے مطالبات نہ ماننے پر کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے۔ جب تک ہمارا مارجن 6 فیصد تک نہیں کیا جاتا حکومت کیساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نعمان بٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے مطالبات نے ہمارے تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی، حکومت کی یقین دہانی کے بعد ہی 5 نومبر کی ہڑتال کی کال واپس لی تھی لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ مالکان کو کل صبح 6 بجے سے پمپ بند رکھنےکا کہہ دیا ہے۔ 25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھے جائیں گے۔