اسلام آباد: ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی نے نامزد آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو ملاقات کی دعوت دے دی ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی تھوڑی دیر میں ایوان صدر آمد کا امکان ہے، صدر کی طرف سے دونوں فوجی افسران سے ملاقات کے بعد سمری پر دستخط کا بھی قوی امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر دونوں سے ملاقات کے بعد اس حوالے سے باضابط بیان جاری کرینگے، صدر کی طرف سے دونوں نامزد فوجی سربراہان کو فون پر باقاعدہ ملاقات کی دعوت دی گئی۔ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق بھی بات کی گئی تھی.اس حوالے سے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ عمران خان اور صدر مملکت کی ملاقات سے متعلق ایوان صدر آفیشل ہینڈ آؤٹ جاری کرے گا. خیال رہے کہ حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے ایس سی) بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔