پی ٹی آئی احتجاج،اہم رہنماؤں سمیت سینکڑوں گرفتاریاں

پی ٹی آئی احتجاج،اہم رہنماؤں سمیت سینکڑوں گرفتاریاں
کیپشن: پی ٹی آئی احتجاج،عامر ڈوگر، زین قریشی،معین ریاض قریشی سمیت سینکڑوں گرفتار

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں تحریک انصاف کااحتجاج دوسرے روز میں داخل ہوگیا،کے پی کے سمیت ملک بھر سےقافلے وفاقی دارالحکومت  کی جانب رواں دواں ہیں،اس دوران پولیس کی جانب سے متعدد اہم رہنماؤں سمیت ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےاپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ہراحتجاجی کارکن کو گرفتار کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کا احتجاج کے معاملے میں ملک عامر ڈوگر ، زین قریشی اور معین ریاض قریشی کو خانیوال روڈ سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے مبینہ پی ٹی آئی ورکر کو گرفتار کرلیا,پولیس نے ایک خاتون اور مرد کو گرفتار کرلیا.دونوں گرفتار افراد کو پولیس قیدی وین میں تھانے منتقل کردیا گیا.

لاہورلٹن روڈ سے حافظ ذیشان گرفتار،ندیم بارا بچ نکلے

لٹن روڈ چوک پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی,پولیس اور کارکنان آمنے سامنے جبکہ پی ٹی آئی رہنما حافظ ذیشان کو پولیس نے گرفتار کرلیااور پولیس نے متعدد کارکنوں کو بھی حراست میں لےلیا۔

لٹن روڈ سے پی ٹی آئی کے رہنما ندیم بارا پولیس کی گرفت سے بچ نکلے۔پولیس ندیم بارا کو موقع سے گرفتار نہ کرسکی۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ جاوید مون گرفتار
 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فروخ جاوید مون کو حراست میں لے لیا گیا،فروخ جاوید مون کارکنوں کے ہمراہ احتجاج کیلئے نکلے ،پولیس نے گرفتار کر لیا،فروخ جاوید مون کو پولیس نے جناح ہسپتال سے گرفتار کیا۔

فیصل آباد سے 75 کارکنان گرفتار
فیصل آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس کا ایکشن جاری ہے اور اس دوران اسلام آباد جانے کی کوشش کرنے والے 75 افراد کو گرفتار جبکہ 20 گاڑیوں جن میں 16 کاریں اور 4 کوسٹرز کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ 

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن کے دوران 20 گاڑیاں جن میں 16 کاریں اور 4 کوسٹر بند کی گئی ہیں،کریک ڈاؤن کے دوران ریجن بھر میں اب تک 595 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل آباد  میں دفعہ 144 نافذ العمل ہےکسی بھی مقام پر غیر قانونی اجتماع یا ریلی کی اجازت نہیں ہے،امن و امان میں خلل اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں  سے نمٹا جائے گا۔

 

 تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے خانہ پوری کیلئے فیکٹری مزدوروں کو  حراست میں لے لیا۔

فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ ہمارے متعدد فیکٹری مزدور پولیس نے پکڑ لیے جن کا کسی بھی سیاسی پارٹی سے تعلق نہیں،مزدور فیکٹری سے شفٹ ختم کر کے نکلے تھے کہ پولیس نے پکڑ لیا۔

فلائی اوور فیض آباد سے 10 کارکنان گرفتار 

راولپنڈی  میں فلائی اوور فیض آباد سے 10 کارکنان گرفتار کر لئے گئے،گرفتار کارکنان کا دعویٰ ہے کہ وہ راہگیر ہیں۔اسلام آباد پولیس نے سرکاری ملازمین پر بھی تشدد کیا جبکہ سروس کارڈ دکھانے پر 2 نوجوانوں کو چھوڑ دیا گیا۔

راولپنڈی میں گرفتاریاں

راولپنڈی پولیس نے امیدوار این اے 52 کرنل اجمل صابر راجہ اور ایم پی اے پی پی 11 کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے کاروائی کرکے ریلی کے شرکا کو منتشر کردیا۔

چیچہ وطنی سے پی ٹی آئی ایم این اے گرفتار

چیچہ وطنی سے پی ٹی آئی کے ایم این اے رائے حسن نواز خان کو بھی حراست میں لیاگیا ہے، پولیس رائے حسن نواز کو گاڑی سمیت اپنے ہمراہ لے گئی۔

ملتان میں پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج پر پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کے داماد زاہد ہاشمی سمیت متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب پولیس نے سینیٹر عون عباس بپی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، عون عباس بپی کے 6 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

ادھر اسلام آباد میں بھی پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے، پولیس نے فیض آباد کے مقام سے 13 پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

سابق رکن پنجاب اسمبلی سمیت 38 سے زائد کارکنان گرفتار

دوسری جانب ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار محی الدین کھوسہ سمیت 38 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار محی الدین کھوسہ پل شوریہ کے مقام پر پولیس نے حراست میں لے لیا۔

سردار محی الدین کھوسہ اپنے بڑے بھائی کے ہمراہ کوٹ چھٹہ سے اسلام آباد جارہے تھے پولیس نے ناکہ پر انہیں روک کر تحویل میں لے لیا جبکہ اسی طرح پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارکر پی ٹی آئی کے 38 سے زائد کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔

دوسری جانب پولیس ترجمان کے مطابق ریجن بھر میں اب تک دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر 595 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے، پولیس نے واضح کیا کہ ریجن پر میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، کسی بھی مقام پر غیر قانونی اجتماع یا ریلی کی اجازت نہیں ہے، امن و امان میں خلل اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Watch Live Public News