ویب ڈیسک: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے طلال چودھری کے بھائی بلال چودھری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت طلال چودھری کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
کمیشن حکام نے بتایا کہ طلال چودھری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ وزیر مملکت کسی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔ کمیشن حکام نے استدعا کی کہ وزیر مملکت طلال چودھری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ وزیر مملکت نے خلاف ورزی کی اور آنا بھی گوارا نہیں کیا۔
کمیشن حکام نے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن ماضی میں ایک وزیر اور امیدوار کے خلاف کارروائی کر چکی ہے۔ وزیر مملکت کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔
وزیر مملکت طلال چودھری کے وکیل کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن حکام کو بتایا کہ طلال چودھری نے مجھ سے رابطہ کیا وہ یہاں پیش ہوں گے۔ طلال چودھری کو آج کے دن کیلئے استثنی دے دیا گیا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
الیکشن کمیشن نے طلال چودھری کے بھائی بلال چودھری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے اپنے بیان میں کہا کہ ابھی ہم بلال چودھری کو نااہل نہیں کرتے صرف کامیابی کا نوٹیفکیشن روک رہے ہیں۔