پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، مریم نواز

پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، مریم نواز
کیپشن: پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ٹی آئی کے مقبولیت کے دعووں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "کہاں گئے وہ مقبولیت کے دعوے؟" انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، اور ضمنی الیکشن میں ان کے دعوے زمین بوس ہو گئے۔

مریم نواز نے صوبائی وزرا اور سیکرٹریز کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈم تھا جسے مسلم لیگ ن نے جیتا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، اور مسلم لیگ ن نے 2024 کے عام انتخابات میں اپنی ہارے ہوئے حلقوں کو دوبارہ جیتا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام نے ن لیگ کی کارکردگی پر اعتماد کیا اور ہمیں ووٹ دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ " الیکشن بیانیوں سے نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر جیتا جاتا ہے۔" انہوں نے کہا کہ 2018 میں ملک کی ترقی کو ڈی ریل کیا گیا، اور "پرفارمنس سے بہتر کوئی بیانیہ نہیں ہو سکتا۔" مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کا الیکشن بائیکاٹ کا اعلان منافقت ہے کیونکہ بائیکاٹ تب کیا جاتا ہے جب ہار کا یقین ہو۔

مریم نواز نے  کہا کہ سب جانتے ہیں کہ دھاندلی کب اور کس کے لیے کی گئی تھی، اور انہوں نے گلگت بلتستان اور ڈسکہ الیکشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں ریاستی مشینری پوری طرح ن لیگ کے خلاف تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ "پنجاب میں بائیکاٹ تھا لیکن خیبرپختونخوا میں نہیں تھا، ہم نے اور نواز شریف نے جیل کاٹی لیکن کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔"

Watch Live Public News