صحافی ارشد شریف کیس میں کینیا کی حکومت سے رابطے میں ہیں، وزیر داخلہ

صحافی ارشد شریف کیس میں کینیا کی حکومت سے رابطے میں ہیں، وزیر داخلہ
اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کینیا میں صحافی ارشد شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے اہل خانہ سےبھی تعزیت کی ہے. وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کینیا میں ارشد شریف کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور ہم اس واقعے کے بارے میں حقائق جاننے کیلئے کینیا کی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیروبی میں پاکستانی سفارت خانہ ارشد شریف کے معاملے میں مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ہم ارشد شریف کے غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ علاوہ ازیں اس معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی ارشد شریف کی والدہ اور پاکستان میں کینیا کے سفیر سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔ مریم اورنگزیب نے ارشد شریف کی والدہ سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انہیں اب تک ہونے والی تمام پیش رفت اور حاصل شدہ معلومات سے آگاہ بھی کیا۔انہوں نے بتایا کہ ارشد شریف کی وفات انتہائی افسوسناک ہے، ہم لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی موت کے پیچھے وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کینیا کی حکومت اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔