لاہور میں بسنت، آئی جی پنجاب کا دو ٹوک بیان آگیا

لاہور میں بسنت، آئی جی پنجاب کا دو ٹوک بیان آگیا

ویب ڈیسک: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ صوبے میں بسنت کی ہرگز اجازت نہیں اور پتنگ بازی کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

لاہور میں جمعے کو ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ایک بسنت کے دوران 54 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے لہٰذا بسنت تو اب نہیں ہوگی۔

آئی جی عثمان انور نے کہا کہ صوبے میں مجموعی جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور بڑے جرائم میں 70 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی حکومت کے نئے قائم کردہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ( سی سی ڈی)  کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ قرار دی گئی ہے۔

آئی جی عثمان انور کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کی جا رہی ہیں، اور پولیس کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں قتل کے واقعات میں 49 فیصد کمی آئی ہے جو پہلے ماہانہ 1300 سے کم ہو کر اب 800 واقعات تک محدود ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح گاڑیاں چھیننے کے کیسز میں 62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو پولیس آپریشنز کی کامیابی کا مظہر ہے۔

Watch Live Public News