جتنی تیزی سے رشوت کی کمائی آتی ہے اتنی تیزی سے چلی جاتی ہے، مریم نواز

جتنی تیزی سے رشوت کی کمائی آتی ہے اتنی تیزی سے چلی جاتی ہے، مریم نواز
کیپشن: جتنی تیزی سے رشوت کی کمائی آتی ہے اتنی تیزی سے چلی جاتی ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ رشوت کی کمائی میں برکت نہیں ہے، جتنی تیزی سے رشوت کی کمائی آتی ہے اتنی تیزی سے چلی جاتی ہے۔

پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وعدہ کریں ایک پیسہ بھی رشوت نہیں لیں گے، تاجر جائز منافع کمائیں، گندم کی قیمت حکومت کی ریٹ لسٹ کے مطابق یقینی بنانا ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ نے جتنا امن قائم کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں، پنجاب میں ایسے اضلاع ہیں۔ جہاں جرم صفر ہے۔ میرے خوابوں کا پنجاب ماؤں اور بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین مقام بن گیا ہے۔ بیواؤں اور یتیموں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف قانون لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیواؤں اور یتیموں کی زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف خصوصی عدالتیں بنائی جارہی ہیں، خصوصی عدالتوں میں زمینوں پر قبضے سے متعلق کیس کا فیصلہ 90 دن میں کیا جائے گا، قبضہ کرنے والے کو 10 سال قید کی سزا ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو پورا ہوا، آپ نے لوگوں کو ظلم سے بچانا ہے اور انصاف دلانا ہے، بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے پر عوام بالخصوص خواتین بہت خوش ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین شامل ہیں، عوام کو آسانیاں فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، پنجاب کے کئی اضلاع میں اس وقت جرائم کی شرح صفر ہے، ہم سب عوام کی خدمت کے لیے ایک پیج پر ہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا فورس سے انصاف ، شفافیت اور دیانتداری کا حلف لیا۔ انہوں نے پیرا ٹریننگ کے دوران نمایاں کارکردگی پر میڈل اور اعزازات تقسیم کیے۔ رابعہ عارف، وحید اعظم،عبداللہ صفدر، سلمان حمید، رانا آفاق احمد اور دیگر کو میڈل اور اعزازات دئیے گئے۔

Watch Live Public News