ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ، جو حالیہ دنوں میں متنازع بیانات اور قانونی مقدمات کے باعث ملک سے باہر ہیں۔ انہوں نے اپنی وطن واپسی سے متعلق اہم اعلان کر دیا ہے۔
رجب بٹ نے یوٹیوبر نادر علی کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد وطن واپس آئیں گے، تاہم اس کے لیے کچھ شرائط اور حالات کا سازگار ہونا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "انشاءاللہ میں ضرور پاکستان آؤں گا، یہ میرا ملک ہے، لیکن فی الحال واپسی کے حالات مناسب نہیں ہیں۔"
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ "جب ہائی کمانڈز کی جانب سے اجازت ملے گی تو فوری طور پر وطن لوٹوں گا۔"
گفتگو کے دوران انہوں نے اپنے اوپر لگے توہین مذہب کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ "میرا تعلق ایک باعمل مسلمان گھرانے سے ہے، میں ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ اگر میرے کسی لفظ یا بیان سے کسی مسلمان کو دکھ پہنچا ہو تو میں اللہ کے گھر میں بیٹھ کر بھی معذرت کر چکا ہوں اور اب بھی معذرت خواہ ہوں۔"
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی معذرت کسی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ دل سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر ریاست کو لگے کہ میں قصوروار ہوں تو قانون کے مطابق مجھے سزا دی جائے، اور اگر بے گناہ ہوں تو مجھے بری الذمہ قرار دیا جائے۔"
رجب بٹ نے اس موقع پر یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ اس وقت دبئی میں مقیم ہیں اور جلد ہی قطر سے لندن منتقل ہونے والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں کو بھی لندن بلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ رجب بٹ ماضی میں بھی متعدد تنازعات کا شکار رہ چکے ہیں، جن میں غیرقانونی طور پر شیر کے بچے کو رکھنے کا مقدمہ اور متنازع پرفیوم ’295‘ کی لانچنگ شامل ہے، جس پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
رجب بٹ کی اس تازہ گفتگو نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث کو جنم دیا ہے اور ان کے مداح اب ان کی وطن واپسی کے منتظر ہیں۔