جنگ کی تو بہت مارے گا،سابق بھارتی جنرل کو پاکستان کی ایٹمی طاقت کاخوف

جنگ کی تو بہت مارے گا،سابق بھارتی جنرل کو پاکستان کی ایٹمی طاقت کاخوف
کیپشن: جنگ کی تو بہت مارے گا،سابق بھارتی جنرل کو پاکستان کی ایٹمی طاقت کاخوف

ویب ڈیسک: بھارت کے سابق لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس پناگ نے حالیہ پہلگام واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اب بھی ایک مکمل ایٹمی طاقت ہے اور محدود جنگ کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے بھارتی قیادت کو جلد بازی سے گریز کرنا چاہیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل پناگ نے پہلگام واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسے سیاحوں پر ہونے والا بدترین حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے سانحات پر فوری اور جذباتی ردعمل کے بجائے سوچ سمجھ کر پالیسی بنانا ہی دانشمندی ہے۔

سابق جنرل نے بھارتی حکومت کو مشورہ دیا کہ عوامی جذبات کے دباؤ میں آ کر ایسا کوئی قدم نہ اٹھایا جائے جو بعد میں سنگین نتائج کا سبب بنے۔ ان کے بقول، پاکستان کے پاس جوابی کارروائی کی پوری صلاحیت موجود ہے اور بھارت کو اس حقیقت کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے پاس زمینی، فضائی، سمندری یا ٹیکنالوجیکل میدان میں ایسا کوئی فیصلہ کن برتری نہیں جس کی بنیاد پر خطرے سے پاک کارروائی ممکن ہو۔ اگر جنگ کی صورت حال بنی تو پاکستان بھی بھرپور ردعمل دے گا۔

خیال رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فائرنگ کے نتیجے میں 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد بھارتی حکومت نے یکطرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے، اٹاری بارڈر پر چیک پوسٹ بند کرنے اور بھارت میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ بھارتی حکومت اس واقعے کو بنیاد بنا کر خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم بھارت کے اندر سے بھی معتدل اور حقیقت پسند آوازیں سامنے آ رہی ہیں جو جنگ کی سنگینی اور پاکستان کی صلاحیت کو مدنظر رکھنے کی تاکید کر رہی ہیں۔

Watch Live Public News