ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں، سیلاب اور آسمانی بجلی گرنے سے ممکنہ خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 اور 26 اگست کے دوران ہونے والی طوفانی بارشوں سے جانی و مالی نقصانات ہونے کا خدشہ ہے اس لیے پورے ملک میں متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں سے وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور کشمیر کے میرپور میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جس سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔ اس دوران مقامی اور بارانی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ شمالی پنجاب کے نشیبی علاقے نارووال، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ اور لاہور میں موسلادھار بارشوں سے زیر آب آنے کا امکان ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
موسلا دھار بارش، آندھی اور گرج چمک کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے کچے مکانات، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی توقع ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ابھی تک ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے بونیر اور شانگلہ میں سیلاب متاثرین میں راشن، کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر اشیائے زندگی تقسیم کیں۔
پاک فوج کی میڈیکل ٹیموں نے متاثرین علاقہ کا طبی بھی معائنہ کیا۔ اہل علاقہ نے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ متاثرین کی بحالی تک پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔