(ویب ڈیسک ) ویڈیو بنانے کا شوق مہنگا پڑگیا۔بھارت میں یوٹیوبر کو پانی کا تیز بہاؤ بہا لے گیا۔
بھارتی ریاست اوڈیسہ کے ضلع کوراپٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔22 سالہ یوٹیوبر ساگر ڈوڈوما آبشار میں کھڑا تھا تاہم پانی کا تیز بہاؤ بہا کر لے گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوبر ساگر اپنے دوست کے ساتھ کٹک سے کوراپٹ پہنچا تھا تاکہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے مشہور سیاحتی مقامات کی ویڈیوز بنا سکے، تاہم ریلز ریکارڈ کرنے کے دوران حادثہ پیش آگیا۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یوٹیوبر ساگر پانی کے بیچ کھڑا ہے اور پاس موجود لوگ رسیوں کے ذریعے اسے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں،لیکن پانی کے تیز بہاؤ کے باعث وہ بیلنس برقرار نہ رکھ سکا اور پانی کی بے رحم موجیں اس کو بہا لے گئیں۔
اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ ماچاکونڈا ڈیم سے شدید بارشوں کے بعد تقریباً 2000 کیوسک پانی چھوڑا گیا تھا، جس کے باعث اچانک پانی کی سطح بلند ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریکسیو کے اہلکار موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ساگر کا سراغ نہیں مل سکا اور لاش کی تلاش کا عمل جاری ہے۔