ویب ڈیسک: وزیراعظم سے 300 انسانی جانیں بچانے والے گلگت بلتستان کے ہیروز کی ملاقات، وزیراعظم نے تینوں افراد کو 25 لاکھ روپے فی کس انعام دینے کا اعلان کیا۔
وصیت خان، انصار،محمد خان نے گلاف کی پیشگی اطلاع دے کر انسانی جانیں بچائی تھیں، وزیراعظم نے انسانی جانیں بچانے پر تینوں افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے تینوں افراد کو 24 کروڑ عوام کا ہیرو قرار دیا، تینوں افراد کو 25 لاکھ روپے فی کس انعام دینے کا اعلان کیا۔
ذرائع ابلاغ کےمطابق وزیراعظم نے تینوں افراد کو شاباشی سرٹیفیکیٹ دیئے، وزیراعظم چند روز میں گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ گاؤں کو ماڈل ویلج بنانے کا اعلان بھی کیا، کہا کہ انسانی جانیں بچا کر آپ نے خدمت کے جذبے کا اظہار کیا،آپ جیسے لوگ پوری قوم کیلئے مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قومی صنعتی پالیسی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات میں صنعت مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت، ملکی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
صنعتی پیداوار میں اضافے اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے قومی صنعتی پالیسی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہدایت کی، اجلاس کو قومی صنعتی پالیسی کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ،وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔