ویب ڈیسک: پاکستانی شوبز کی سینئر اداکارہ حمیرا بانو نے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔
حمیرا بانو کئی مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور خصوصاً ماں کے کرداروں میں ناظرین کی جانب سے خوب پسند کی جاتی ہیں۔ اداکارہ حالیہ عرصے میں بھی مختلف ڈراموں میں اپنی پرفارمنس کے باعث توجہ حاصل کرچکی ہیں۔ اداکارہ جلد ایک نئے ڈرامے میں محمد احمد اور فہد شیخ کے ساتھ بھی نظر آئیں گی۔
حمیرا بانو نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی شادی کی خبر دی۔ تاہم تصاویر میں ان کے شوہر کا چہرہ واضح طور پر نظر نہیں آ رہا۔
تصاویر کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ بعض اوقات انسان اپنے لیے کچھ اور منصوبہ بناتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ اس کے لیے کچھ اور طے کرچکا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ جب رب ’کُن‘ فرما دے تو منزل آسان ہوجاتی ہے۔
شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد حمیرا بانو کے دوستوں اور ساتھی فنکاروں نے انہیں مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مایا خان، صباحت بخاری، منسا ملک اور عرفان موتی والا سمیت دیگر فنکاروں نے بھی اداکارہ کو مبارکباد پیش کی۔