مرکزی بینک 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے پر غور کر رہا ہے، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

مرکزی بینک 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے پر غور کر رہا ہے، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

(ویب ڈیسک ) ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے پرغورکررہا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے بریفنگ دی ۔انہوں نے کہا کہ دوبارپہلے بھی10 روپے کے نوٹ ختم کرنے کوشش کرچکے ہیں۔ 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی لاگت بڑھ گئی ہے جس بنیاد پریہ فیصلہ کیا جارہا ہے، نئے کرنسی نوٹ جب بنیں گے تو 10 روپے کا نوٹ ختم ہوگا۔

اس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہم نے تمام کرنسی نوٹ کی تبدیلی کا کہا تھا۔

حکام نے کہا کہ موجودہ کرنسی2005 سے چھپنا شروع ہوئی، نئے سکیورٹی فیچرزکے ساتھ کرنسی نوٹ لائے جانے ہیں،کابینہ میں دوبارمعاملہ زیربحث آیا ہے، کابینہ نےکمیٹی بنائی تھی جس نے کرنسی نوٹ کے ڈیزائن میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ جس کوکنسلٹنٹ رکھا گیا تھا اسی کو ڈیزائن بنانے کا کہا گیا، کنسلٹنٹ کی کمپنی سے ہی نوٹ ڈیزائن کرنے کا معاہدہ کرلیا گیا۔

اس پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹراسٹیٹ بینک نے کہا کہ جس کمپنی کا کنسلٹنٹ ہے وہی کمپنی سب کام کرے گی۔

کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ بڈنگ کا عمل نہیں ہوا اور کنسلٹنٹ کےساتھ ہی ڈیزائن کا معاہدہ کیا گیا، اسٹیٹ بینک خودمختار ہے مگر قواعد کی پیروی ضروری ہے۔

اجلاس میں ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ پاکستان میں جعلی کرنسی کی سرکولیشن کم ہے جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جعلی کرنسی کی سرکولیشن کم ہے تو اعدادوشمار دیں۔

بریفنگ میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ نوٹوں کے ڈیزائن کی پسندیدگی کوبھی مدنظر رکھا جارہا ہے، اس پر سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا کہ نوٹ جیسا بھی ہو سب کو پسند آتا ہے جبکہ سینیٹر شاہزیب درانی کا کہنا تھا کہ کرنسی میں پسند و ناپسند کوئی نہیں دیکھتا۔

ڈپٹٰی گورنر اسٹیٹ بینک نے اجلاس میں مزید کہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی اس وقت نئے کرنسی نوٹوں کا جائزہ لے رہی ہے، کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں، تبدیلیوں کے بعد ہی نے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں آسکتے ہیں، ایک سال ہوگیا وزرات خزانہ کو کرنسی ڈیزائن بھیجے ہوئے ہیں۔

Watch Live Public News