بانی پاکستان کا یوم پیدائش جوش و جذبے سے منایا گیا

بانی پاکستان کا یوم پیدائش جوش و جذبے سے منایا گیا
لاہور ( پبلک نیوز)محمد علی جناحؒ ایک جہدمسلسل اور ہمت و صداقت کا نام، بابائے قوم کایوم ولادت آج بھرپورجوش و جذبے سے منایا گیا۔ قائداعظم نے اپنی قوت ارادی سے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔ پوری قوم کا بانی پاکستان کو سلام۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 146 واں یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و خروش سے منایا گیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں لاہور سمیت ملک بھر میں میں خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکروں، مباحثوں کا انعقاد کیا گیا۔ قائد اعظم کی سالگرہ کے سلسلہ میں کیک کاٹے گئے اوربابائے قوم کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بانی 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی انتھک جدوجہد بہترین قیادت اصولوں پر ڈٹے رہنے والی شخصیت نے وہ کارنامہ سرانجام کر دکھایا جو رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لئے یادگار رہے گا۔ ایک وکیل کی حیثیت سے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کرنے والے محمد علی جناح نے انڈین نیشنل کانگریس اور پھر مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی۔ اپنی سیاست کے ابتدائی ادوار میں انہوں نے ہندو مسلم اتحاد کے لئے کام کیا لیکن جلد ہی یہ بھانپ لیا کہ ہندو اکثریت میں رہ کر مسلمانوں کو برصغیر میں ہمیشہ کیلئے محکوم قوم بنا کر رکھنا چاہتے ہیں۔ آپ کی جدوجہد قلیل عرصے میں مسلمانوں کو ان کی جداگانہ شناخت نظریات ثقافت اور روایات کو پروان چڑھانے کے لئے علیحدہ مملکت خداد کی صورت میں سامنے آئی۔ قائداعظم محمد علی جناح دنیا کی چند ان شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلایا۔ مسلمانوں پر ان کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔