صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کی اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ۔ صدر عارف علوی کا قائد اعظم محمد علی جناح کے 146 ویں یوم پیدائش پر کہنا تھا کہ آج قائد کے جمہوری اقدار کے وژن کو برقرار رکھنےکا عہد کریں گے ، خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے قائد کے فرمان پر عمل درآمد کریں گے، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کی طرف سفر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ صحیح وقت پر درست فیصلہ کریں اور قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو مستحکم کریں گے ۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ قائداعظم نےفرمایا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی قوم اپنی شہ رگ کو دشمن کے قبضے میں رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتی ہے ، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنےکا عہد کرتے ہیں ۔