(ویب ڈیسک ) ایران نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کا اعتراف کرنے پر اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا عندیہ دے دیا ۔ ایران نے اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے اعتراف کی شدید مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر امیر سعید نے سیکرٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس کو خط لکھا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے اسماعیل ہنیہ کو شہید کرکے سنگین جرم کیا اور اس گھناؤنے جرم کی باضابطہ ذمہ داری قبول کی۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ ایران اسرائیل پر جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے ، اسرائیل عالمی اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزاسرائیلی وزیردفاع نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کا باضابطہ اعتراف کیا تھا۔
یاد رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو رواں سال جولائی میں اس وقت شہید کیا گیا تھا جب وہ ایران میں صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری کے لیے تہران گئے تھے تاہم اس وقت اسرائیل نے اس حملے کا باقاعدہ اعتراف نہیں کیا تھا۔