ویب ڈیسک: بابائے قوم، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت، احترام اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
یومِ قائد کے موقع پر کراچی سمیت مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں قائداعظم کی جدوجہدِ آزادی، افکار اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چودھری (ہلالِ امتیاز) تھے۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ قائد پر سلامی پیش کی جبکہ پاک فوج کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
میجر جنرل افتخار چودھری نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
اسی طرح قائد ریذیڈنسی زیارت میں بھی گارڈ آف آنر اور پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک ممتاز وکیل اور عظیم سیاسی رہنما تھے جنہوں نے اپنی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ریاست کا خواب حقیقت میں بدل دیا۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم قائداعظم کے وہ سنہری اصول ہیں جو آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
بابائے قوم نے اپنے کردار، دیانت داری اور اصولی سیاست سے دنیا کو دکھایا کہ سچی قیادت قوموں کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ نہرو، پٹیل اور گاندھی جیسے قد آور سیاستدانوں کی موجودگی کے باوجود قائداعظم نے مسلمانوں کو پاکستان کی منزل سے ہمکنار کیا۔
قائداعظم کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق، آزادی اور انصاف میسر ہو۔ وہ دنیا کی ان چند عظیم شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تاریخ کا رخ موڑ دیا اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن حاصل کیا، جس پر پوری قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔