ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بابائے قوم، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ قائد یقینِ محکم، دیانت داری اور انتھک جدوجہد کو یاد کرنے کا دن ہے، جنہوں نے پاکستان کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ جمہوریت، انصاف اور مساوات کے علمبردار تھے اور یہی اقدار ہمارے قومی سفر کا محور ہیں۔ قائد کے اصول آج بھی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور قومی اعتماد کے استحکام کے لیے ناگزیر حیثیت رکھتے ہیں۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ موجودہ چیلنجز کے تناظر میں قائداعظمؒ کی قیادت اور افکار قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم آئندہ برس قائداعظم کے 150ویں یومِ پیدائش کی جانب بڑھ رہی ہے جو ایک اہم قومی سنگِ میل ہوگا۔
آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کی زندگی اور جدوجہد پر سنجیدگی سے غور کرنے، ان کے وژن سے وابستگی کی تجدید اور ان کے نظریات کو دیانت اور مقصدیت کے ساتھ آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قائداعظمؒ کی اقدار کو اپناتے ہوئے ایک پرامن، مستحکم اور جامع پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قائداعظمؒ کے 149ویں یومِ پیدائش پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم اس موقع پر بابائے قوم کو دلی خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ قائد تجدیدِ عہد کا دن ہے اور قائداعظمؒ کے رہنما اصولوں پر انفرادی اور قومی سطح پر عمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظمؒ نے رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر ہم آہنگی، رواداری اور انصاف کا درس دیا، جبکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم ایک روشن اور مضبوط قومی مستقبل کی ضمانت ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی بے مثال سیاسی بصیرت نے قیامِ پاکستان کو ممکن بنایا۔ قائداعظمؒ نے تاریخ کا دھارا موڑ کر برصغیر کے مسلمانوں کے خواب کو حقیقت میں بدلا اور ایک آزاد، خودمختار اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔
وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ یومِ قائد کے موقع پر اس عزم کی تجدید کی جائے کہ قائداعظمؒ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قومی وقار، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ کام کیا جائے۔