ویب ڈیسک: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق لیجنڈری کھلاڑی اور ’’فلائنگ ہارس‘‘ کے نام سے مشہور سمیع اللہ خان کو قومی ہاکی ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے۔
یہ تقرری ایڈہاک صدر محی الدین والی کی قائم کردہ پروفیشنل ڈیولپمنٹ کمیٹی کی سفارش پر عمل میں آئی۔ کمیٹی میں اولمپئن حسن سردار اور اصلاح الدین صدیقی بھی شامل ہیں۔
پی ایچ ایف نے قومی کھیل کی بحالی اور ترقی کے لیے نیا روڈ میپ بھی جاری کر دیا ہے۔ نئی کمیٹی قومی ٹیم کے انتخاب اور ٹریننگ سسٹم کی مکمل نگرانی کرے گی، جبکہ دیگر اراکین کی تقرری کو-چیئرمینز سے مشاورت کے بعد کی جائے گی۔
ادارے میں شفافیت اور مؤثر انتظام کے لیے کارپوریٹ گورننس اور مارکیٹنگ کے شعبوں کو ٹیکنیکل ہاکی آپریشنز سے الگ کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے عامر ابراہیم کو کارپوریٹ گورننس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر اراکین میں فرخ عتیق، شکیل شاہ، غلام علی ملاح اور اکمل عزیز شامل ہیں۔
فیڈریشن کے مطابق نئے انتظامی ڈھانچے سے قومی کھیل کی ساکھ بحال کرنے اور ہاکی کو دوبارہ عروج پر لانے میں مدد ملے گی۔