ویب ڈیسک: فیصل آباد کے جڑانوالہ روڈ پر واقع جلوی مارکیٹ میں شیر نے وائلڈ لائف ٹیم پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق وائلڈ لائف ٹیم کو جلوی مارکیٹ دربار میں شیروں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر ٹیم موقع پر پہنچی۔ کارروائی کے دوران پنجرے میں بند ایک شیر نے اچانک حملہ کر کے وائلڈ لائف کے ایک اہلکار کو دبوچ لیا۔
واقعے کے بعد وائلڈ لائف ٹیم شیروں کو تحویل میں لیے بغیر واپس روانہ ہو گئی، جبکہ زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب لاہور میں ایک ہفتے کے دوران پالتو شیروں کے حملوں میں دو بچوں کے زخمی ہونے کے افسوسناک واقعات کے بعد پنجاب بھر میں نجی تحویل میں شیر اور ٹائیگر رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق لاہور، ملتان، جہلم اور دیگر اضلاع میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 59 شیر اور ٹائیگر برآمد کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نجی وائلڈ لائف بریڈنگ فارمز کو شیر اور دیگر خطرناک جنگلی جانور رکھنے کے لیے محکمہ کی جانب سے مقررہ معیار کے مطابق پنجرے اور رہائشی سہولیات بہتر بنانے کی مہلت دی گئی تھی۔ مہلت ختم ہونے کے بعد صوبہ بھر میں سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے۔