سانحہ گل پلازہ کے بعد پنجاب میں کمرشل عمارتوں کے لیے نئی فائر سیفٹی ہدایات جاری

سانحہ گل پلازہ کے بعد پنجاب میں کمرشل عمارتوں کے لیے نئی فائر سیفٹی ہدایات جاری
کیپشن: سانحہ گل پلازہ کے بعد پنجاب میں کمرشل عمارتوں کے لیے نئی فائر سیفٹی ہدایات جاری

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے کراچی میں پیش آنے والے سانحہ گل پلازہ کے بعد صوبے بھر کی کمرشل عمارتوں کے لیے فائر سیفٹی سے متعلق ہدایات نامہ جاری کر دیا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرِ صدارت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمرشل عمارتوں میں آگ بجھانے کے آلات کی تنصیب لازمی قرار دی گئی اور لوکل گورنمنٹس کو ہدایات دی گئیں کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ تین منزلہ یا اس سے زائد عمارتوں میں ہنگامی حالات کے دوران انخلا کے لیے اسٹیل کی سیڑھیوں کی تنصیب لازمی ہو گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہنگامی سیڑھیاں دوسرے فلور سے مضبوطی کے ساتھ منسلک ہوں اور ان کی تنصیب کے لیے کسی قسم کے این او سی کی ضرورت نہیں ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق کمرشل عمارت کے ہر فلور پر فائر ایکسٹنگوئشر کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ عمارتوں کے مالکان یا انتظامیہ کو 15 دن کے اندر ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ان ہدایات پر عملدرآمد کے لیے عمارتوں کے مالکان کے لیے چیک لسٹ جاری کر دی ہے۔

ڈی جی راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے راولپنڈی میں ہائی رائز عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے حوالے سے عمارتوں کے مالکان کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

کنزہ مرتضیٰ کے مطابق ہائی رائز عمارتوں کے مالکان کو فائر سیفٹی چیک لسٹ ارسال کر دی گئی ہے، جبکہ ہنگامی حالات میں فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کے لیے انسپیکشن فارم بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں آگ سے بچاؤ کے آلات، برقی نظام اور ہنگامی راستوں کی جانچ شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے عمارت مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Watch Live Public News