ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے عدالت کے سامنے روبرو پیش ہوکرسرینڈرکرنے اور ضمانت حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وہ اس سلسلے میں اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت مکمل کر چکے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ حماد اظہر نے وکلاء کو فوری طلب کر کے عدالت میں پیشی کے لیے قانونی حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عدالت سے ضمانت نہ ملی تو وہ گرفتاری دینے کو بھی تیار ہیں۔
حماد اظہر اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے اور 3 بہنوں کے بھائی ہیں۔
اپنےبیان میں انہوں نے کہا ہے کہ والد کے انتقال کے بعد والدہ کے ساتھ موجود رہنے کی خواہش رکھتا ہوں۔ جعلی پرچوں کا نشانہ ہوں جن کا کوئی سر پیر نہیں۔
واضح رہے کہ حماد اظہر گزشتہ دو برس سے منظرعام سے غائب تھے اور 9 مئی 2023 کے بعد مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ حال ہی میں وہ اپنے والد، سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے اپنی رہائش گاہ پر آئے تھے، جہاں ان کی موجودگی پہلی بار سامنے آئی۔