عمران خان کےفوکل پرسن حسان نیازی کی ضمانت منظور

عمران خان کےفوکل پرسن حسان نیازی کی ضمانت منظور
کوئٹہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ تھری کی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کی ضمانت منظور کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنماء حسان نیازی کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ تھری جمیل احمد کے رو برو پیش کیا گیا ، جہاں پر سماعت کے دوران حسان نیازی کے وکلاء نے ان کی ضمانت کی استدعا کی ۔ عدالت کی جانب سے 1 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عیوض حسان نیازی کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے جب کہ پولیس کی جانب سے کی گئی پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی گئی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حسان نیازی کو گذشتہ روز اسلام آباد سے گرفتار کرکے کوئٹہ کے ایئر پورٹ تھانے منتقل کیا گیا تھا ۔ حسان نیازی پر الزام ہے کہ ان کے کہنے پر زمان پارک آپریشن کے دوران کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کارکنوں نے کار سرکار میں مداخلت کی اور زبردستی روڈ بند کئے تھے ، جس پر ان کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ روڈ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔