ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل کوئی سرخ فیتہ برداشت نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا اجلاس جاری ہے جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی موجود ہیں۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی شریک ہیں۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری بھی اجلاس میں موجود ہیں، ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں چاروں صوبوں کی چیف سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
وزرائے اعلیٰ سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات پر مطمئن
چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات پر اطمینان اظہار کیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عسکری قیادت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو ایس آئی ایف سی میں ساتھ لیکر چل رہے ہیں، دورہ یو اے ای انتہائی کامیاب رہا، 10 ارب ڈالر یو اے ای قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کردیئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے کشکول توڑ دیا، اب تجارتی و معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں، دوست ممالک نے بھی ایس آئی ایف سی کے اقدامات کو سراہا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل کوئی سرخ فیتہ برداشت نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکاء نے ایپکس کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔