ویب ڈیسک: ملک کے مختلف مقامات پر آج بھی آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی آندھی ، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور کشمیر میں آج بھی آندھی اور بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، میانوالی، اوکاڑہ، قصور، گجرات، سیالکوٹ میں مزید بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ژوب، بارکھان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بٹگرام اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک کے کئی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، آج سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑے گی، جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں نواب شاہ میں درجہ حرارت 49 ، دادو 48، سکھر، بہاولپور47 ، حیدر آباد، ڈیرہ غازی خان میں 46، تربت ، ملتان 45 ، سرگودھا، ڈیرہ اسماعیل خان 44، ساہیوال، فیصل آباد 43 ، لاہور، بنوں 42، پشاور، کراچی اورکوئٹہ میں 39 ڈگری رہے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفان سے نقصانات ہوئے، مختلف حادثات میں 13 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 90 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، کئی شہروں میں درخت گرنے سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔