ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے 2500 سے زائد طلبہ نے پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی، جس کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ مزید اجاگر کرنا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔
تفصیلات کے مطابق نشست کے دوران نوجوانوں میں جوش و خروش دیدنی تھا۔ ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار، ملی نغموں کی گونج اور "پاکستان ہمیشہ زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے فضا کو گرما رہے تھے۔ اس موقع پر پختون طلبہ نے نہ صرف اپنی قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا بلکہ دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران طلبہ نے پاک فوج سے اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کیا اور قومی سلامتی کے لیے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ " پاک فوج زندہ باد" اور "کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعرے بار بار بلند ہوتے رہے، جنہوں نے اس اجتماع کو ایک قومی جوش و جذبے کے مظہر میں بدل دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سوچا ہم حملہ کریں گے اور پاکستان جواب نہیں دے گا،آپ نے دیکھا کہ آپ سب کس طرح کھڑے ہوئے ہیں اپنے ملک کے پیچھے،بھارتی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان کھڑا ہوا،اللہ کے حکم سے یہ آہنی دیوار کھڑی ہوئی،بھارت اور مودی کی تمام فرضی حکمت عملی ایک ایک کر کہ غلط ثابت کی گئی،ان لوگوں سے سوال بنتا ہے جو یہ سمجھتے تھے کہ پاکستان کے عوام اور فوج ایک دوسرے سے دور ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ ہر گز نہیں،یہ قوم،یہ فوج ہمیشہ سے ایک تھی اور ایک رہے گی،آپ کے آرمی چیف نے فیصلہ کیا۔آرمی چیف نے ہندوستان کے 26مقامات کو نشانہ بنانے کا حکم دیا۔ جس بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے حکم پر معصوم ارتضی کو شہید کیا ہم نے اسکو تباہ کیا۔جن ائیر بیسز سے جہازوں نے پاکستان پر حملہ کیا ہم نے وہ ائیر بیسز تباہ کیں۔ہم نے سویلین انفراسٹکچر یا کسی مندر کو نشانہ نہیں بنایا۔ہم امن پسند ہیں اور امن کو ترجیح دیتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ ہمارا پہلا انتخاب امن ہے،بھارت نے دوبارہ حملہ کیا تو جواب پہلے سے زیادہ شدید ہوگا۔پاکستان سمیت خطے میں جتنی دہشتگردی ہوتی ہے بھارت اس میں ملوث ہے۔جو مساجد کو شہید کرتے ہیں انکا کے پی کے سے کوئی تعلق نہیں،حق اور باطل آپس میں اکٹھے نہیں ہوسکتے۔اس طرح اسلام اور خارجی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔تم اس ہندوستان سے مدد مانگتے ہو جو مسلمانوں پر ظلم و ستم کررہاہے۔افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے۔دہشتگردوں کو ملک دشمن پیسہ دیتے ہیں،ان دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہاکہ ہمسایہ ملک افغانستان کو بھی کہتے ہیں کہ دہشتگردوں کو اپنے پاس مت آنے دو۔تم ہندوستان کے آلہ کار مت بنو۔خیبر پختونخواہ کے غیور عوام سے کہتا ہوں کشمیر بنے گا پاکستان۔
یہ نشست نہ صرف ایک تعلیمی سرگرمی تھی بلکہ یہ قومی شعور اور اتحاد کا پیغام لے کر آئی، جس نے نوجوانوں میں نئی توانائی اور ذمہ داری کا احساس پیدا کیا۔