(ویب ڈیسک ) ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی جانب سے ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کردیاگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایک پر علی ترین نے ملتان سلطانز کے تمام فینز کے نام اہم پیغام جاری کردیا۔ علی ترین نے ملتان سلطانز کو الوداع کہنے کا فیصلہ کرلیا۔
علی ترین نے کہا کہ اس ٹیم کا حصہ ہونا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے۔ میں شائقین سے محبت کرتا ہوں، میں اس ٹیم سے محبت کرتا ہوں اور میں جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرنے کے قابل ہونے سے بہت محبت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سال بہ سال مالی نقصانات کے باوجود میں نے کبھی بھی چھوڑ کر جانے کے بارے میں نہیں سوچا۔ سُلطانز میرے لیے ہمیشہ صرف اعداد و شمار سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور میں ہمیشہ اسے محفوظ رکھنے کے لیے جتنا بھی ضروری ہوا ، کرنے کو تیار رہا ہوں۔
علی ترین نے کہا کہ میں ہمیشہ ایماندار رہا ہوں اور ہمیشہ اپنے ذہن سے رائے ظاہر کی ہے۔ میں نے کبھی یہ نہیں سیکھا کہ محفوظ کھیلنا کیسا ہوتا ہے یا کسی کے کہنے پرچلنا یا ماننا ۔ یہ بات صاف ہے کہ میں ایسا نہیں ہوں، اور اگر رہنے کا مطلب ان اصولوں سے سمجھوتہ کرنا ہی ہے تو ایک ہی انتخاب ہے جو میں کر سکتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ میں اس ٹیم کو اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر کھونا پسند کروں گا بجائے اس کے کہ میں گھٹنوں کے بل اسے چلاؤں۔ تو یہ الوداع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے معاہدے کی خلاف ورزی اور پاکستان سپر لیگ کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی مہم چلانے پر ملتان سلطانز کےمالک علی ترین کو نوٹس جاری کیا تھا لیکن انہوں نے اس لیگل نوٹس کو پھاڑ دیا تھا۔