ویب ڈیسک: تھائی لینڈ کی سابقہ ملکہ سری کٹ 93 برس کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اُن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ مملکت نے ملکہ سری کٹ کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں تھائی بادشاہ، شاہی خاندان اور عوام سے دلی ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام تھائی قوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کوئین کی خدمات اور وقار کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت تھائی لینڈ کے شاہی خاندان، بادشاہ اور عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ قومی غم کی اس گھڑی میں ہم تھائی لینڈ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ تھائی وزیرِاعظم انوتن چرن ویرکُل نے ملکہ کے انتقال کے باعث اپنی ملائیشیا میں ہونے والی آسیان سمٹ کی شرکت منسوخ کردی ہے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق کل کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں شاہی جنازے کے انتظامات پر غور کیا جائے گا۔