ویب ڈیسک: امریکی حکام کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے وائٹ ہاؤس اور اس کے اطراف میں جدید ہتھیاروں کے ذریعے ایک بڑے مبینہ دہشتگرد حملے کی سازش ناکام بنا دی ہے، جس کا ہدف صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اعلیٰ امریکی قیادت کو نشانہ بنانا بتایا جا رہا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ مبینہ منصوبہ ڈرونز اور اسنائپر حملوں کے ذریعے انجام دیا جانا تھا، جس میں صدر ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور دیگر اہم شخصیات کو نشانہ بنایا جانا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حملے کا منصوبہ 14 جون کو وائٹ ہاؤس کے ساوتھ لان میں منعقد ہونے والے یو ایف سی فریڈم 250 ایونٹ کے دوران نافذ کیا جانا تھا، جو امریکا کی 250ویں سالگرہ اور صدر ٹرمپ کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ تھا۔ اس تقریب میں ایک لاکھ کے قریب افراد اور متعدد سیاسی و کاروباری شخصیات شریک تھیں۔
تاہم ایف بی آئی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 10 جون کو مختلف ریاستوں میں چھاپوں کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا، جبکہ مجموعی طور پر 23 افراد کو اس مبینہ سازش سے جوڑا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو جاتا تو یہ حالیہ برسوں میں امریکی دارالحکومت پر ہونے والے خطرناک ترین حملوں میں سے ایک ہوتا۔
تحقیقات کے مطابق اس سازش کا سراغ اس وقت ملا جب ایک 19 سالہ مشتبہ شخص کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع اس کے والدین نے حکام کو دی، جس کے بعد سوشل میڈیا اور انکرپٹڈ ایپ "سگنل” پر ہونے والی گفتگو سے اہم شواہد حاصل ہوئے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ بعض مشتبہ افراد ریاست ورجینیا کے شہر فریڈرکسبرگ میں حملے کی حتمی تیاری کے لیے جمع ہونے والے تھے، جبکہ ان کے موبائل فونز سے نقشے، اسنائپر پوزیشنز اور ڈرون حملے کی منصوبہ بندی کے شواہد بھی برآمد ہوئے۔
ایف بی آئی کے مطابق منصوبہ سازوں کا مقصد دھماکا خیز ڈرونز کے ذریعے ہجوم میں خوف و ہراس پھیلانا، اس کے بعد فائرنگ اور پھر وائٹ ہاؤس پر حملہ کرنا تھا۔
حکام نے مزید بتایا کہ مشتبہ افراد کی جانب سے سیاست دانوں، ارب پتی شخصیات اور دیگر اہم افراد کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور تھا، تاہم بروقت کارروائی نے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔
On June 10, FBI and our law enforcement partners became aware of a potential threat to the UFC America 250 event in Washington, D.C. involving individuals outside of the National Capital Region – and thanks to the rapid action of this FBI, our partners, and the Department of… pic.twitter.com/PbWkIk1Lr5
— FBI Director Kash Patel (@FBIDirectorKash) June 16, 2026
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان بھی موجود ہے، جبکہ اس سازش سے متعلق تمام پہلوؤں کی چھان بین کی جا رہی ہے۔