ویب ڈیسک: تھائی لینڈ کی شہزادی بجراکیتیابھا، جو بادشاہ ماہا وجرالونگ کورن کی بڑی صاحبزادی تھیں، 47 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی شاہی محل نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہزادی گزشتہ تقریباً چار سال سے شدید علالت اور کومے کی حالت میں زیرِ علاج تھیں۔
شہزادی بجراکیتیابھا دسمبر 2022 میں اچانک بے ہوش ہو گئی تھیں اور بعد ازاں دل کے عارضے اور دیگر طبی پیچیدگیوں کے باعث اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں وہ مسلسل علاج کے مراحل سے گزرتی رہیں۔ حالیہ ہفتوں میں ان کی صحت مزید بگڑ گئی تھی، اور متعدد انفیکشنز اور اعضا کی پیچیدگیوں نے ان کی حالت نازک کر دی تھی۔
شہزادی بجراکیتیابھا کو تھائی لینڈ میں قانون، سفارت کاری اور سماجی خدمات کے شعبوں میں نمایاں کردار کے لیے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی، سرکاری و سفارتی ذمہ داریاں نبھائیں اور خواتین قیدیوں کے حقوق کے لیے بھی کام کیا۔
شاہی محل کے بیان کے مطابق، ان کی آخری رسومات روایتی شاہی اعزازات کے ساتھ ادا کی جائیں گی اور ان کی میت کو عوامی تعزیت کے لیے گرینڈ پیلس میں رکھا جائے گا۔