یونس خان کا کھلاڑیوں کو سیاست چھوڑ کرملک کیلئے کھیلنے کا پیغام

یونس خان کا کھلاڑیوں کو سیاست چھوڑ کرملک کیلئے کھیلنے کا پیغام
کیپشن: یونس خان کا کھلاڑیوں کو سیاست چھوڑ کرملک کیلئے کھیلنے کا پیغام

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹر یونس خان نے قومی کھلاڑیوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کو کرکٹ سے الگ کریں اور ذاتی مفادات کے بجائے ملک و قوم کے لیے کھیلیں۔

نیپا اسپورٹس کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں مستقل مزاجی کا فقدان نمایاں ہے جس کے باعث جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔

یونس خان نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے کھیلیں‘‘۔ انہوں نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ شاہین نہ صرف باولنگ میں بلکہ بیٹنگ میں بھی شاندار صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ایک اچھے آل راؤنڈر بننے کی مکمل قابلیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شاہین بیٹنگ میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں تو دیگر کھلاڑیوں کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانے میں ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔

ایشیا کپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ اگر ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آتے ہیں تو یہ شائقین کرکٹ کے لیے ایک یادگار مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی کہ جیت کر ثابت کریں کہ آپ بہترین اسپورٹس مین ہیں اور مخالف ٹیم کے رویے سے متاثر نہ ہوں۔ بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ کھیل اور سیاست کو کبھی بھی ایک دوسرے پر حاوی نہیں ہونا چاہیے۔ اگر بھارتی کھلاڑی اپنی حکومت کے دباؤ پر ہاتھ نہیں ملا رہے تو پاکستانی کھلاڑیوں کو چاہیے کہ جیت کے بعد خود آگے بڑھ کر ہاتھ ملائیں تاکہ حقیقی اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ ہو۔

انہوں نے ٹیم مینجمنٹ کو مشورہ دیا کہ غیر ضروری تبدیلیوں سے گریز کیا جائے کیونکہ بار بار تبدیلیاں کارکردگی پر منفی اثر ڈالتی ہیں۔ یونس خان نے بھارتی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی کا ایک بڑا راز یہی ہے کہ وہ کم سے کم تبدیلیوں کے ساتھ کھیلتے ہیں اور ہر کھلاڑی اپنا کردار بخوبی سمجھتا ہے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ دونوں پاکستان کے بہترین اور باصلاحیت بیٹرز ہیں جن پر ٹیم کو فخر ہونا چاہیے۔

یونس خان نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ کام کرنا ایک خوشگوار تجربہ تھا اور افغان کھلاڑیوں نے انہیں بہت عزت دی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں کوئی ٹیم ہمیشہ نمبر ون نہیں رہتی، جس دن جو ٹیم اچھا کھیلے گی، وہی میدان مارے گی۔

Watch Live Public News