(ویب ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی )نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو ایشیا کپ 2025 کے دوران دیے گئے سیاسی اور متنازع بیان پر سرزنش کرتے ہوئے مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
یہ واقعہ 14 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے گروپ اسٹیج میچ کے بعد پیش آیا، جہاں میچ کے اختتام پر پریزنٹیشن سیشن میں سوریا کمار یادیو نے پہلگام واقعے سے متعلق بیان دیا۔جسے بین الاقوامی سطح پر سیاسی قرار دیا گیا ہے۔
بھارتی کپتان کے اس بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے فوری طور پر آئی سی سی کو تحریری شکایت ارسال کی۔ شکایت میں مطالبہ کیا گیا کہ کھیل کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی پر بھارتی کپتان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کیونکہ ان کا بیان کھیل کو سیاست سے آلودہ کرنے کے مترادف تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس شکایت کے بعد آئی سی سی کی جانب سے سوریا کمار یادیو کو طلب کیا گیا، جہاں ان سے وضاحت طلب کی گئی۔ پیشی کے دوران انہیں متنبہ کیا گیا کہ مستقبل میں وہ سیاسی معاملات پر رائے دینے سے گریز کریں اور اپنے بیانات میں غیر جانب داری اور احتیاط کا مظاہرہ کریں۔
یاد رہے کہ کھیل سے وابستہ کسی بھی فرد کوآئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے تحت سیاسی، مذہبی یا نسلی معاملات پر عوامی سطح پر بیان دینے کی اجازت نہیں ہے۔