راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں جہاں پہلے روز آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاک آرمی کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو پی ایل اے آرمی ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ہے ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنرل عاصم منیر کی پی ایل اے آرمی کمانڈر سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے ، جس میں سکیورٹی امور اور فوجی تعاون پر بات چیت کی گئی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے خطے میں امن واستحکام کی ضرورت پر زوردیا گیا ہے جبکہ دونوں افواج میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف چین کی مزید عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے ، ملاقاتوں میں دونوں ممالک کی مسلح افواج میں تعاون بڑھانے پر بات ہو گی۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے پی ایل اے کے جوانوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا بھی معائنہ کیا ہے ، آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تربیتی معیار کو بھی سراہا ہے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف چین کے 4 روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ میں موجود ہیں ۔