زلزلے کی جھوٹی پیشگوئی کرنے والا نجومی گرفتار

زلزلے کی جھوٹی پیشگوئی کرنے والا نجومی گرفتار
کیپشن: زلزلے کی جھوٹی پیشگوئی کرنے والا نجومی گرفتار

ویب ڈیسک: میانمار میں حکام نے سوشل میڈیا پر خوفناک زلزلے کی پیشگوئی کرنے والے نجومی کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس پیشگوئی کے بعد عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق نجومی جان مو تھی نے 9 اپریل کو ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ 21 اپریل کو میانمار کے تمام شہروں میں زلزلے آئیں گے۔ یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی جب چند ہفتے پہلے ہی 7.7 شدت کے زلزلے نے میانمار میں 3,500 سے زائد افراد کی جان لے لی تھی اور تاریخی مقامات کو نقصان پہنچایا تھا۔

اپنی ویڈیو میں جان مو تھی نے شہریوں کو مشورہ دیا تھا کہ زلزلے کے دوران فوری طور پر عمارتوں سے باہر نکلیں، ضروری سامان اپنے ساتھ رکھیں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ اس انتباہ کے ساتھ ساتھ اس نے خبردار کیا کہ دن کے اوقات میں بلند عمارتوں میں نہ رہیں۔ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر 30 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔

میانمار کی وزارت اطلاعات کے مطابق، جان مو تھی کو عوام میں بے بنیاد خوف پھیلانے اور جھوٹے بیانات جاری کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ زلزلہ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ سائنسی معلومات کی بنیاد پر زلزلے کی درست پیش گوئی ممکن نہیں، کیونکہ اس میں بے شمار پیچیدہ عوامل کارفرما ہوتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، نجومی کی ویڈیو کے اثرات اس قدر شدید تھے کہ ہزاروں شہری 21 اپریل کی رات اپنے گھروں کے بجائے کھلے مقامات پر سونے پر مجبور ہو گئے۔

Watch Live Public News