پنجاب اور آزادکشمیر میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

پنجاب اور آزادکشمیر میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری
کیپشن: پنجاب اور آزادکشمیر میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک: این ڈی ایم اے نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور قصور میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران جہلم، چکوال، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، چنیاں اور پاکپتن میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

این ڈی ایم اے نے الرٹ میں شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔اس کےعلاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال بھی متوقع ہے۔ 

اسی طرح آزاد کشمیر کے اضلاع بشمول نیلم ویلی، باغ، کوٹلی، راولا کوٹ، مظفرآباد اور حویلی میں اگلے 12 تا 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہیں۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی اورپہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، پہاڑی نالوں میں پانی کا تیز بہاؤ رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو متاثر کر سکتا ہے، دریائے ستلج کے بہاؤ میں اضافے اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر پہلے ہی این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری ہے۔

متعلقہ اداروں نے ستلج کے قریبی علاقوں میں بڑے پیمانے پر انخلاء کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب، ریسکیو 1122 اور پاک آرمی کے انجینئرز سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ عوام دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، عوام ٹی وی، ریڈیو، موبائل الرٹس اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے ذریعے جاری کردہ الرٹ اور ہدایات پر عمل کریں۔

Watch Live Public News