(ویب ڈیسک ) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی ہے۔
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم 3 ماہ سے آرہے تھے ملاقات کرنے نہیں دے رہے تھے اور اللہ کا شکر ہے آج ہماری بانی پی ٹی ٓآئی سے ملاقات ہوئی ہے، چار مہینے بعد ہم سب بہنوں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی گئی۔ سلمان اکرم راجہ، بیرسٹرگوہر اورعلی ظفرسمیت باقی وکلا کی ملاقات بھی ہوئی۔
انہوں نے عمران خان کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، ان کی آنکھ میں کوئی مسئلہ ہے اس کیلئے عدالت میں درخواست دے رہے ہیں، ان کی آنکھوں کے علاج کیلئے پمزاسپتال کے ڈاکٹرز آئیں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان بشریٰ بی بی کی وجہ سے پریشان ہیں، عمران خان کو شیرشاہ اور شاہ ریز کی گرفتاری کا بتایا۔انہوں نے سزاؤں اور نااہلیوں پر کہا یہ کبھی پاکستان میں نہیں ہوا۔
علیمہ خان کامزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو ہدایات دی کہ قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہوجائیں، بانی پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے بیرسٹرگوہراورسلمان اکرم راجہ کو ہدایات دیں اور کہا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لیکران انتخابات کوقانونی جواز فراہم نہیں کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات کیلئے دو حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔