ویب ڈیسک : دمشق کے باہر کام کرنے والے ایک امدادی گروپ نے کہا ہے کہ ایک تدفین کی جگہ ممکنہ طور پر سابق صدر بشار الاسد کے زیرِ حراست قیدیوں اور خانہ جنگی میں مارے گئے جنگجوؤں کی اجتماعی قبر معلوم ہوتی ہے۔
وائٹ ہیلمٹ نام کے شامی ریسکیو گروپ کے عبدالرحمن ماواس نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے خیال میں اس مقام پر ایک اجتماعی قبر ہے جہاں "ہمیں ایک کھلی قبر ملی جس میں ہڈیوں سے بھرے سات تھیلے تھے۔"
ماواس نے کئی دن پہلے اس جگہ کا دورہ کیا تھا۔
یہ جگہ دارالحکومت سے تقریباً 35 کلومیٹر (22 میل) دور بغداد پل کے قریب ایک وسیع دیوار والے علاقے میں واقع ہے۔
اس جگہ کا دورہ کرنے والے صحافیوں نے ایک میٹر سے زیادہ گہری قبروں کی ایک لمبی قطار دیکھی، جو زیادہ تر سیمنٹ کے سلیبوں سے ڈھکی ہوئی تھیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ان میں سے کئی سلیبوں کو منتقل کر دیا گیا تھا اور اندر، سفید تھیلے ایک دوسرے پر رکھے ہوئے دیکھے جا سکتے تھے جن پر نام اور نمبر لکھے ہوئے تھے جب کہ ایک تھیلے میں انسانی کھوپڑی اور ہڈیاں تھیں۔
ریسکیو گروپ کے عبدالرحمن ماواس نے ٹیلی فون پر میڈیا کو بتایا کہ تھیلوں میں سے چھ پر نام لکھے تھے جنہیں محفوظ مقام پر لے جایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹنگ کے لیے ضروری طریقہ کار شروع کر دیا گیا ہے۔
ماواس نے لوگوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ "قبروں سے دور رہیں اور متعلقہ حکام کو ان کو سنبھالنے دیں۔"