ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت میں شامل مریم نواز گروپ مذاکرات میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔ کچھ لوگ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ فیصل چودھری نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور کے علاوہ کسی کو تاحال ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ تمام رہنماؤں کو ابھی جیل داخلے سے روکا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی ملاقات جب طے ہے توانہیں روکنا تذلیل ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت میں شامل کچھ لوگ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ جب مذاکرات کا سلسلہ چل پڑا ہے تو رکاوٹیں کھڑی کرنے کا کیا مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کو ملاقات سے روکنے پر ہم احتجاج کرتے ہیں۔ حکومت میں شامل مریم نواز گروپ مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مذاکراتی کمیٹی میں شامل لوگ باعزت ہیں انہیں روکنا انکی توہین ہے۔