(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے طیارے کے المناک حادثے پر آذری صدر الہام علیوف سے تعزیت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، وزیراعظم نے طیارے کے المناک حادثے پر آذری صدر سے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر آذربائیجان کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آذربائیجان کے برادر عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ پوری قوم سوگوار خاندانوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے برادر عوام صبر و استقامت سے اس سانحے کا سامنا کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان شاندار دوطرفہ تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کو درکار ہر تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے.
صدرالہام علیوف نے افسوسناک واقعے کے تناظر میں حمایت اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع آذر بائیجان کے ساتھ کھڑا ہونا دونوں ممالک درمیان دوستی کے پائیدار رشتے کا عکاس ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دوستی کے مضبوط رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارتخانے کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز طیارے کے حادثے کے حوالے تعزیتی کتاب پر اپنے تاثرات قلمبند کئے تھے۔