ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بلوچستان کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم بارش کے امکانات کم ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہی۔
کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں پارہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، استور میں منفی 6، گوپس میں منفی 5 جبکہ اسکردو، ہنزہ اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کالام، گلگت، کوئٹہ اور دیر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے خصوصاً شمالی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔