(ویب ڈیسک ) انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نےنتائج کا اعلان انٹربورڈ کراچی کے کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا ۔اس دوران یونیوسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ کے اسپیشل سیکرٹری سہیل انور بلوچ بھی موجود تھے۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں 19ہزار 212 امیدواروں نے رجسٹریشن کی،ان میں سے 18ہزار 813 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 9 ہزار 678 امیدوار تمام 6 پرچوں میں، 3 ہزار 542 امیدوار5 پرچوں میں، 2 ہزار 353 طلبہ 4 پرچوں میں، 1405 بچے 3 پرچوں میں، 860 دو پرچوں میں جبکہ 580 امیدوار 1 پرچے میں کامیاب قرار پائے۔
چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ انٹربورڈ کراچی کی تاریخ میں پہلی دفعہ سائنس جنرل گروپ میں ریاضی کا پرچہ ای مارکنگ کے تحت لیا گیا، ریاضی کے پرچے کی جانچ جدید Rubrics سسٹم کے مطابق ای مارکنگ کے ذریعے کی گئی جس سے شفافیت، درستگی اور معیار کو یقینی بنایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹربورڈ کراچی امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔اگلے سال کے سالانہ امتحانات میں انٹرمیڈیٹ کے مزید پرچوں کی جانچ ای مارکنگ کے تحت کی جائے گی۔