ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا، نئی تاریخ رقم

ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا، نئی تاریخ رقم

ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹر ویرات کوہلی نے ایک اور  ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے، کوہلی نے بھارت کی لسٹ اے کرکٹ میں سب سے کم اننگز میں 16 ہزار رنز مکمل کر کے لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ویرات کوہلی نے یہ تاریخی سنگِ میل دہلی کی جانب سے وجے ہزارے ٹرافی میں آندھرا کے خلاف میچ کے دوران حاصل کیا۔ یہ کارنامہ انہوں نے اپنی 330ویں اننگز میں سرانجام دیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 16 ہزار لسٹ اے رنز 391 اننگز میں مکمل کیے تھے۔

سچن ٹنڈولکر نے اپنے طویل کیریئر میں مجموعی طور پر 21 ہزار 999 لسٹ اے رنز اسکور کیے، جن میں سے 18 ہزار 426 رنز انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بنائے۔ اس کے مقابلے میں ویرات کوہلی اب تک 296 ون ڈے اننگز میں 14 ہزار 557 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

اس کامیابی کے ساتھ ویرات کوہلی اب لسٹ اے کرکٹ میں 10 ہزار رنز کے بعد ہر ایک ہزار رنز سب سے تیزی سے مکمل کرنے والے بیٹر بن گئے ہیں۔

لسٹ اے کرکٹ میں سب سے تیزی سے 16 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں صرف دو بھارتی بلے باز شامل ہیں، جن میں ویرات کوہلی اور سچن ٹنڈولکر شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں گورڈن گرینج (422 اننگز)، رکی پونٹنگ (430 اننگز)، جبکہ گراہم گوچ اور ویوین رچرڈز (435 اننگز) شامل ہیں۔

ادھر روہت شرما نے بھی وجے ہزارے ٹرافی میں ایک یادگار کارکردگی دکھائی۔ ممبئی کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے سکم کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی۔ روہت شرما نے یہ سنچری بنا کر آسٹریلوی اسٹار ڈیوڈ وارنر کے لسٹ اے کرکٹ میں 150 یا اس سے زائد رنز بنانے کے نو اننگز کا ریکارڈ برابر کرلیا۔

روہت شرما اس اننگز کے ساتھ وجے ہزارے ٹرافی کی تاریخ میں دوسرے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے جنہوں نے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 38 سال  کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ یہ ریکارڈ بنگال کے انوستپ مجمدار کے پاس ہے، جنہوں نے 39 سال کی عمر کے بعد دو سنچریاں بنائی تھیں۔

روہت شرما 94 گیندوں پر 155 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے اپنی سنچری صرف 62 گیندوں میں مکمل کی، جبکہ ان کی اننگز میں 18 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔ ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ممبئی نے یہ میچ آٹھ وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔

Watch Live Public News