غزہ میں جنگ کے خلاف احتجاج میں خود سوزی کرنے والا امریکی فوجی دم توڑ گیا

غزہ میں جنگ کے خلاف احتجاج میں خود سوزی کرنے والا امریکی فوجی دم توڑ گیا
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک:فلسطینیوں کی نسل کشی  کے خلاف اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے خود کو آگ لگانے والا امریکی فضائیہ کا اہلکار اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ 

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ 25 فروری کو مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے پیش آیا، متاثرہ شخص اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے ایک منٹ تک جھلستا رہا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یونیفارم میں ملبوس ایک شخص ’آزاد فلسطین‘ کے نعرے لگاتے ہوئے خود کو امریکی فضائیہ کا افسر ظاہر کررہا ہے۔

پولیس نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’کچھ افسران کو امریکی خفیہ سروس کی مدد کے لیے بھیجا گیا تھا جب ایک شخص نے سفارتخانے کے سامنے خود کو آگ لگا دی جسے قریبی اسپتال پہنچایا گیا جس کی حالت تشویشناک ہے۔‘

امریکی میڈیا نے امریکی فضائیہ کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ شخص امریکی ایئرمین تھا۔ تاہم امریکی فضائیہ کے ایک ترجمان نے مذکورہ شخص کو اپنی ٹیم کا حصہ ماننے یا شناخت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اسرائیلی سفارتخانے نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اس کا کوئی عملہ زخمی نہیں ہوا، جبکہ اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ مذکورہ شخص ان کے سفارتخانے کے عملے کا حصہ نہیں ہے۔

امریکا میں موجود اسرائیلی سفارت خانہ فلسطینی حامی مظاہرین کے مظاہروں کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں لوگ غزہ میں اسرائیلی فوجی جنگ کے خلاف فوری جنگ بندی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی بمباری میں کم از کم 29 ہزار 692 فلسطینی شہید اور 69 ہزار 879 زخمی ہوچکے ہیں۔

Watch Live Public News